رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ مغربی آذربائیجان کے شہر خوئی کے شہید چمران اسٹیڈیم میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے لطف و کرم سے دشمن ایرانی قوم کو انقلاب کی حمایت سے دستبردار کرانے میں ناکام رہے ہیں اور ایرانی عوام نے تیرہ آبان مطابق چار نومبر کو امریکہ کے مقابلے میں استقامت کے دن میں تبدیل کر دیا اور دشمن کو منھ توڑ جواب دیا اور بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کو بھی ایرانی قوم امریکہ کو دوبارہ دنداں شکن جواب دے گی۔
صدر مملکت نے ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کی مسلسل سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سمجھ رہا تھا کہ ایرانی قوم کے خلاف اقتصادی دباؤ اور نفسیاتی جنگ کے ذریعے اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائے گا اور ایرانی قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گا مگر اس کا یہ خواب چکناچور ہو گیا۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ استکبار اگر ایران کے تیل کی برآمدات منقطع، پڑوسی ملکوں کے ساتھ اس کے رابطہ ختم اور ایرانی عوام پر دباؤ ڈالنے کے درپئے ہے تو اسے جان لینا چاہئے کہ ایرانی عوام دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایرانی عوام کے ساتھ ساتھ عراق، شام ، لبنان ، یمن ،افغانستان ، پاکستان اور عالم اسلام کے سبھی ملکوں کی اقوام اپنی استقامت و ایمان، اسلام اور خود مختاری کے تحفظ پر زور دے رہی ہیں اور علاقے کی سبھی اقوام کی ثابت قدمی سے سامراجی طاقتوں کو شکست کا سامنا کرنا ہوگا -
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دشمن اس بات سے سخت ناراض ہے کہ ایران نے علاقے پر دہشت گردوں کو مسلط نہیں ہونے دیا کہا کہ امت اسلامیہ جب بھی ایران سے مدد چاہی گے اسلامی جمہوریہ ایران اپنے فریضے پر عمل کرے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دور کی ہی طرح ان کی مدد کرے گا - /۹۸۸/ ن۹۴۰